نئی دہلی، 29؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )دہلی کی ایک عدالت نے آج مبینہ چھیڑ چھاڑ معاملے میں گرفتار تم رکن اسمبلی دنیش موہنیاکی ضمانت منظورکی۔عدالت نے کہاکہ انہیں عدالتی حراست میں رکھنے سے کوئی مقصد حل نہیں ہوگا کیونکہ جانچ تقریباََ مکمل ہو چکی ہے۔ایڈیشنل سیشن جج نیلم سنگھ نے سنگم وہار سے رکن اسمبلی موہنیا کو ضمانت دے دی۔اس سے پہلے یہاں مجسٹریٹ عدالت نے موہنیا کی دو عرضیاں مسترد کی تھیں۔عدالت نے50ہزار روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی رقم کے ایک ضمانتدار دینے پر ضمانت منظور کی اور انہیں ثبوتوں سے چھیڑ چھاڑ نہ کرنے یا کسی بھی طرح سے جانچ متاثر نہیں کرنے کی ہدایت دی۔جج نے کہاکہ ریکارڈ پر غور کرنے سے پتہ چلتا ہے کہ اس معاملے کی تحقیقات تقریباََِ مکمل ہیں۔یہ حقیقت ہے کہ اپیل کرنے والا ملزم اسمبلی کا رکن ہے اور اس کے معاشرے میں اثرات ہیں۔انہوں نے کہاکہ چونکہ انکوائری تقریباََ مکمل ہے اور حقیقت یہ ہے کہ ملزم25جون سے عدالتی حراست میں ہے، تو انہیں عدالتی حراست میں اور رکھنے سے کوئی مقصد حل نہیں ہوگا۔لہٰذا میں50ہزار روپے کے ذاتی مچلکے اور اتنی رقم کی ایک ضمانتی دینے پر ملزم دنیش موہنیاکورہاکرنے کے حق میں ہوں۔عدالت نے جج سے ضرورت پڑنے پرتحقیقات میں شامل ہونے کو کہا۔عدالت نے رکن اسمبلی کو راحت منظور کرتے ہوئے سینئر وکیل ایچ ایس فولکا کی ان دلیلوں پر غور کیا کہ پولیس حکام کی طرف سے قانون اور عمل کی خلاف ورزی کی گئی۔